ریاض(یو این پی)سعودی عرب میں حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین سروس ایک طویل بندش کے بعد دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ سعودی عرب کی حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے ( ایچ ایچ آر) ایک سال کی بندش کے بعد دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ حرمین ٹرین مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسٹیشن کے درمیان چلے گی، اور یہ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ سے گزرے گی۔ گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور مسافروں کی خدمت پر مامور ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی ناگزیر ہے۔سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین رمیح بن محمد الرمیح کا کہنا ہے کہ اتھارٹی حج و عمرہ سیزن کے لیے پوری طرح تیار ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ سفر ہوگا اور زیادہ تحفظ اور بہترین معیار کے ساتھ سروس کو چلایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ حرمین ٹرین کا آپریشن کورونا وائرس اور جدہ ریلوے اسٹیشن پر آتشزدگی کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔