اسلام آباد(یو این پی)وزیر مذہبی امور نے رمضان المبارک میں ملک بھر کی مساجد کو نماز، تراویح اور ختم القران کیلیے کھلی رکھنے کی نوید سنادی ہے۔ این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیر مذہبی امور نے تمام صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی مساجد میں بیس نکاتی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عبادات کی اجازت ہوگی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال بھی علماء و مشائخ کی مشاورت اور تعاون کی بدولت مساجد میں سب سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تھی۔ اور پورے عالم اسلام میں پاکستان میں پورے ماہ رمضان میں مساجد کھلی رہی تھیں۔