لاہور(ایواین پی) رمضان المبارک سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل مہنگا کردیا گیا، گھی7 روپے اور کوکنگ آئل 9 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے، درجہ اول کے گھی کی نئی قیمت 298 روپے اور کوکنگ آئل 300 روپے لیٹر ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ برانڈڈ گھی7 روپے اور کوکنگ آئل 9 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت درجہ اول کا گھی291 ر وپے سے بڑھا کر 298 روپے اور کوکنگ آئل 291 روپے سے بڑھا کر300 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لوگ یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء کی خریداری کرنے آتے ہیں۔لیکن یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں۔ اب گھی مہنگا کردیا گیا جبکہ رمضان المبارک میں دو تین روپے سستا کرکے کہا جائے گا ہم نے اشیاء سستی کردی ہیں۔ دوسری جانب ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ، 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔