سجاول(رپورٹ حمید چنڈ) ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری کی زیر صدارت دربار ہال ڈی سی آفیس سجاول میں احترام رمضان المبارک اور اشیاء ضروریہ کے نرخ برقرار رکھنے کے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں اور عظمتوں کا مہینہ ہے جس کا ہر مسلمان کو احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ مناسب قیمت پر فروخت کی جاٸیں تاکہ عام لوگ سستے داموں چیزیں خرید سکیں۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں مختیارکارز اور تاجروں سے اجلاسز منعقد کرکے تحصیل سطح پر بھی پراٸس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہر صورت رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بناٸیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دکانداروں کو روزانہ استعمال ہونے والی اشیاء کے نرخ کی فہرست دیں اور مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ فہرست کو نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور اس طرح روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کی مصنوعات کی فہرست بھی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ مرہ استعمال والی اشیاء کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور موصول شکایات کا فوری ازالہ کیا جاٸے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین لغاری نے ضلع سجاول کی تمام فلور ملوں اور شوگر ملوں کے منیجروں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے مختلف مقامات پر آٹے اور چینی کے رعایتی اسٹال قاٸم کریں تاکہ کم آمدنی والے افراد آسانی سے خریداری کرسکیں۔ اجلاس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز, مختیارکارز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس ندرت اللہ صدیقی, پرائس کنٹرول آفیسر عبدالرشید میمن, فوکل (آٸی ٹی) پی ایم ڈی یو سرمد قریشی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔