سیالکوٹ(یو این پی) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں تحریک انصاف کا مقابلہ جرائم پیشہ گروپس اور ریٹرننگ آفیسر سے بھی تھا۔اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کی وفاداریوں کے بندھن میں بندھے آر او ڈسکہ منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کی بھرپور معاونت کرتے ہوئے (ن) لیگ کو الیکشن جتوانے میں بالآخر کامیاب ہوئے۔ اسجد ملہی اور تحریک انصاف کے ورکرز کو (ن) لیگی گاڈ فادرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ڈسکہ میں تحریک انصاف کا مقابلہ جرائم پیشہ گروپس کے علاوہ آر او ڈسکہ کے ساتھ بھی تھا۔ حکومتی پریشر سے پاک انتخابات کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ تمام تر انتظامی اختیارات کے باوجود پنجاب حکومت نےالیکشن میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرکے اداروں کو آزاد اور خودمختار بنانے کی اعلی مثال قائم کی۔