اسلام آباد(یو این پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا کہ ہمارے حالات مشکل ہیں، ملک پر قرضے ہیں، اور اس وقت حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کی جنگ لڑرہی ہے۔’احساس کوئی بھوکانہ سوئے‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار اس پروگرام کو فروغ دیا جائے گا، کچن ٹرک کا جال پورے ملک میں پھیلایا جائے گا، میری خواہش تھی کہ جو ہمارے وزرا ہوں ان کے اندر یہ احساس ہو، یہی ہمارے اسلاف کی تعلیمات ہیں کہ انصاف اور قانون کی بالادستی ہو، اور ریاست اپنے غریب و کمزور طبے کی ذمہ داری لے، اور پھر وہ وقت آیا کہ جن افراد کی معاشرے میں بظاہر کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن انہوں نے ہی دنیا کی امامت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے احساس تھا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا، لیکن ابھی تک اس راستے پر کیوں نہیں چلا جس کی تعلیمات ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے دی تھیں، ہمارے حالات مشکل ہیں، ملک پر قرضے ہیں، عوام پر خرچ کرنے کے لئے پیسے کم ہیں، اس وقت حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کی جنگ لڑرہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا کسی کو پتہ نہیں کہ اس کا کتنا فائدہ ہوگا، جب ایک بھوکا انسان دو وقت کا کھانا کھائے گا تو اللہ کی رحمت بھی اس ملک پر نازل ہوگی، اور جب اللہ کی رحمت شامل حال رہی تو پاکستان بھی اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام‘ کے ذریعے ان مزدوروں ، دیہاڑی داروں اور کم اجرت ورکروں میں مفت کھانا تقسیم کیا جائے گا جن کی رسائی احساس پناہ گاہوں اور لنگر خانوں تک نہیں ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر ٹرک مخصوص سروس پوائنٹس پر روزانہ 1500 سے 2000 افراد میں کھانا تقسیم کرے گا، جب کہ کھانے کی تیاری سے فراہمی تک کے تمام مرحلے اسی کچن ٹرک پر ہوں گے۔