ممبئی(یو این پی) بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کرسمس پر ریلیز کرنے کا عندیہ دے دیا۔بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان ان دنوں اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو اپنی آخری مراحل میں ہے۔ فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکار نے اپنی حالیہ انٹریو میں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے مشکلات کا تذکرہ کیا۔اداکار عامر خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پوری دنیا کورونا وبا سے لڑ رہی تھی اور ہم اس دوران اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ میں مصروف تھے لیکن ہم کورونا کے ساتھ ساتھ کرینہ سے بھی نمٹ رہے تھے۔عامر خان کا حالیہ انٹرویو ایک یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے جس میں مسٹرپرفیکشنسٹ نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کو کرسمس پر ریلیز کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ساری مشکلات اور پیچیدگیوں کے بعد تمام چیزیں اب مکمل کنٹرول میں ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم اس سال کے آخر میں فلم ریلیز کردیں گے یعنی فلم کرسمس کے موقع پر ریلیز کردی جائے گی۔واضح رہے فلم لال سنگھ چڈھا 1994 میں ریلیز ہونے والی ٹام ہینکس کی ہالی ووڈ فلم فورسٹ گمپ کا ہندی ری میک ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ عامر خان سمیت دیگر اداکاروں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث متعدد بار روکی گئیں تاہم فلم کی شوٹنگ میں اصل تاخیر مرکزی کردار ادا کرنے والی کرینہ کپور کی وجہ سے ہوئی، جنہوں نے حال ہی میں اپنے دوسرے بیٹے کو جنم دیا ہے۔