ممبئی (یواین پی)مسلمانوں کے خلاف ہمیشہ زہر اگلنے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار پارٹیوں پر پابندی لگائی جائے۔کنگنا رناوت وہ بھارتی اداکارہ ہیں جو مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ اس بار بھی انہوں نے رمضان میں افطار پارٹیوں پر پابندی لگانے کے مطالبے پر ٹوئٹ کرکے بہت سے لوگوں کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ میڈیا کے مطابق گزشتہ روز کنگنا رناوت نے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹوئٹر پر درخواست کی ’’پرائم منسٹر جی براہ مہربانی رمضان میں اجتماعات (افطار پارٹیوں) پر پابندی لگائی جائے۔‘‘ تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد کنگنا نے یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔ لیکن ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا ہے۔کنگنا رناوت کا یہ ٹوئٹ اس وقت سامنے آیا جب نریندر مودی نے ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے بھارت میں جاری کمبھ میلے کو علامتی کرنے کی درخواست کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کمبھ میلے کے دوران 30 سادھوؤں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ جس کے بعد مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا میں نے فون پر اچاریا مہا منڈلیشور، پوجیا سوامی اوادھیشانند گری جی اور جونا اکھارا سے بات کی اور تمام سادھوؤں کی صحت کے بارے میں پوچھا۔ تمام سادھوؤں کو انتظامیہ ہر طرح کا تعاون فراہم کررہی ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں مودی نے کہا کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کمبھ میلے کو علامتی رکھا جائے۔ اس طرح اس بحران کے خلاف جنگ جیتنے میں طاقت ملے گی۔اس ٹوئٹ کے بعد کنگنا رناوت نے ٹوئٹ کی کہ کمبھ میلے کے بعد رمضان میں ہونے والے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی جائے۔