ہر وقت ٹریفک جام اور دھول مٹی سے مسافروں کا برا حال ، ہائی وے اتھارٹی سے نوٹس کا مطالبہ
سوات (یواین پی)سوات کی تحصیل کبل اور تحصیل مٹہ کو مینگورہ شہر سے ملانے والا ایوب پل مسافروں کے لئے پل صراط بن گیا، پل جا بجا خراب ہونے کی وجہ سے اس پر ہر وقت ٹریفک جام اور دھول مٹی سے مسافروں کا برا حال ، مسافروں کا ڈی سی سوات اور ہائی وے اتھارٹی سے صورت حال کا نوٹس لے کر ایوب پل فوری مرمت کرنے کا مطالبہ، ایوب پل جس پر ہزاروں مسافر روزانہ مینگورہ شہر آتے ہیں آج کل انتہائی خستہ حال ہوچکا ہے پل پر جا بجا کھڈے بنے ہوئے ہیں جسے تعمیر کرنے کیلئے ذمہ داروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے،مذکورہ پل پر سفرکرنااب ممکن نہیں رہا ہے جسے پولیس اہلکار اور عوام اپنی مدد آ پ کے تحت عارضی طورپر مٹی ڈال کر قابل استعمال بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس مٹی سے اُڑنے والی دھول کی وجہ سے پورے علاقے میں ہر وقت دھول کے بادل دکھائی دیتے ہیں جو مسافروں کے لئے سوہان روح بنا ہوا ہے مذکورہ پل کے حوالے سے عوامی حلقوں نے بارہا شکایات کیں لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہ ہوسکا جس پر تحصیل مٹہ اور تحصیل کبل کے ہزاروں لوگوں نے ڈی سی سوات جنید خان اور ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔