جرائم میں اضافے پر شہریوں کا سکون برباد،کرونا سے زیادہ مبینہ طور پرجرائم عام ہونے سے خوف وہراس
اوکاڑہ (یواین پی ) اوکاڑہ میں ڈکیتی،راہزنی، چوری اورسماج دشمن عناصر کی سرگرمیاں بدستور جاری، آئے روز جرائم میں اضافے پر شہریوں کا سکون برباد،کرونا سے زیادہ مبینہ طور پرجرائم عام ہونے سے خوف وہراس پھیل گیا۔شہری حلقوں اور سماجی شخصیات میں تشویش کا اظہار۔راجا باربی کیو کے مالک اور ملازم کو تین نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پرموٹرسائیکل،موبائل فونز اور ہزاروں روپے سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ اور گردونواح میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں میں گزشتہ ایک اور اضافہ اسوقت ہوا جب تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ ماسٹرپارک اوکاڑہ کامحنت کش رہائشی محمدنواز راجہ رات قریب دوبجے اپنے بار بی کیو سے جمع پونجی لے کر اپنے ملازم شہباز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا جوں ہی گھر کے نزدیک پہنچے تو اچانک اندھیرے میں چھپے ہوئے تین نامعلوم مسلح راہزنوں نے گن پوائنٹ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے ان سے دو موبائل فونز، ہنڈاموٹرسائیکل اور دکان کی تمام بکری کل اشیاءونقدی مالیت ایک لاکھ چودہ ہزار پانچ سو روپے سے محروم کر دیا۔راجہ نے گھر پہنچ کر واردات سے متعلق 15 نمبر پر اطلاع دی اور تھانہ اے ڈویژن میں ایف آئی آر رپورٹ کروادی۔ شہر اور مضافات میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں ڈکیتی ،چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ سوالیہ نشان بن گیا ہے۔