لاہور (یواین پی) ملک کے کئی علاقوں میں قیامت خیز گرمی نے روزے داروں کو بے حال کر دیا، لاہور سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، کل سے بلوچستان اور سندھ میں گرچ چمک کیساتھ بارش ہونے کا امکن۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں سورج نے اپنے تیور دکھانا شروع کردئیے ہیں اور روز بروز پارہ ہائی ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہروں کی سڑکیں سناٹے کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے اپریل کے ماہ میں ہی ہیٹ ویوو کی زد میں آگئے ہیں۔ لاہور سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جس کے باعث روزے دار بے حال ہوگئے ہیں۔ دن کے وقت موسم اس قدر گرم ہوتا ہے کہ شہریوں کیلئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکلنا کسے خطرے سے کم نہیں رہتا۔تاہم اس شدید گرمی کے موسم میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹھنڈی خوشخبری سنائی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل جمعرات بعد از دوپہر بلوچستان، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے مغربی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جاور گرم رہا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق دادو 46، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، روہڑی، مٹھی 45، خان پور، لاڑکانہ، چھور، پڈعیدن، موہنجو داڑو،سبی اور سکھر میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔