بالاکوٹ(یواین پی)تحصیل بالاکوٹ کی برسر پیکار سیاسی قوتوں کیلئے خطرہ کی گھنٹی بجنا شروع ہو گئی ہے،نوجوان العمر سماجی شخصیت ڈاکٹر سجاد الحسن نے سیاسی میدان میں آنے کیلئے رخت سفر باندھ لیا،عوامی امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے کے عزم کے ساتھ نوجوان طبقہ میں خوشی کا جذبہ بیدار اور سیاست سے والہانہ لگاﺅ بھی بیدار ہونے لگا ہے،ممتاز کاروباری اور سماجی شخصیت،غلام حسن ٹرسٹ کے بانی حاجی غلام حسن کے فرزند ارجمند ڈاکٹر سجاد الحسن نے ماہ رمضان میں سیاسی رونقوں کو دوبالا کرنا شروع کر دیا ہے تحصیل بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والی صحافی برادری کے اعزاز میں پر تکلف دعوت کا اہتمام کیا،اس موقع پر ڈاکٹر سجاد الحسن نے بتایا کہ وہ سماجی خدمت کے ذریعے اپنے والد کے نقش قدم پر چلیں گے اور جب میدان خاردار سیاست میں بھی ضرورت پڑی تو اس کیلئے وہ بھرپور مشاورتی عمل کے ساتھ آگے بڑھیں گے،ڈاکٹر سجاد الحسن کی جانب سے بالاکوٹ میں عملی اقدامات کے تحت اپنی سماجی کوششوں کے آغاز سے ہی سیاسی ناقدین کی نظریں ان پر جم گئیں ہیں،سیاسی اعتبار سے گہرا تجزیہ رکھنے والی شخصیات نے ڈاکٹر سجاد الحسن کو برسر پیکار سیاسی قوتوں کیلئے خطرہ قرار دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ سماجی خدمتگار حاجی غلام حسن کے فرزند ارجمند ڈاکٹر سجاد الحسن غیر معمولی خوبیوں کے مالک ہیں اور نوجوان ہونے کے ساتھ اعلی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہیں جنکی سیاست میںآمد سے بڑے بڑے بُرج الٹنا شروع ہو جائیں گے،مقتدر شخصیات نے ڈاکٹر سجاد الحسن کو عملی میدان میں قدم رکھنے پر خوش آمدید کہا ہے۔