اسلام آباد(یواین پی) وفاقی سیکرٹری خزانہ کامران افضل نے کہا ہے کہ مالی سال 22۔2021 بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں پیش ہوگا، بجٹ اسٹریٹیجی پیپر میں تبدیلیاں ہوسکتی ہیں، بجٹ اسٹریٹیجی پر پارلیمنٹ، صنعت کار اور تاجروں سے مشاورت کریں گے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں پیش ہوگا، بجٹ اسٹریٹیجی پیپر میں تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔ بجٹ اسٹریٹیجی پر پارلیمنٹ، صنعت کار اور تاجروں سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو کورونا کے دوران معاشی حقیقت سے آگاہ کریں گے۔ کورونا کی وجہ سے معاشی حکمت عملی متاثر ہوتی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام میں تبدیلیوں کی گنجائش ہے۔انسداد کورونا کے لیے آئی ایم ایف سے فوری فنڈز کی ضرورت نہیں۔گزشتہ سال آئی ایم ایف نے انسداد کورونا کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر دیے تھے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ اسٹریٹجی پیپر تیار کرلیا ہے، بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جی ڈی پی کا حجم 46 ہزار سے بڑھا کرساڑھے 52 ہزار مقرر کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ہے۔