اسلام آباد(یواین پی) فردوس عاشق اعوان اور اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان تلخ کلامی کا معاملہ، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں نئے انکشافات، اے سی سونیا صدف کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں اے سی کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے اور رپورٹ وزیراعظم عمران خان کوبھجوا دی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وقوعہ کےوقت اے سی اپنی ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھی تھیں، خاتون صارف نےگلے سڑے پھل مہنگےداموں فروخت کی شکایت کی تھی اور شکایت کےوقت بھی اسسٹنٹ کمشنرسونیاصدف موجودنہ تھیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کے ساتھ اےسی کا رویہ نامناسب تھا، حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم فیصلہ کریں گے۔خیال رہے کہ سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلائی تھی،رمضان بازار کے دورے کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر پر اظہار برہمی کیا اور سب کے سامنے خاتون افسر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لیتی ہیں تو فرض بھی ادا کیجیے۔فردوس عاشق اعوان کی ڈانٹ ڈپٹ پر اسسٹنٹ کمشنر نے اعتراض کیا اور وہاں سے چلی گئیں۔جواب میں اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا ہم روزانہ مارکیٹ میں خوار ہوتے ہیں بات آرام سے بھی کی جاسکتی ہے گرمی سے کوئی پھل خراب ہوگیا تو کوئی کیا کرسکتا ہے۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کسی نے معاون خصوصی کے رویے کو نامناسب قرار دیا تو کسی نے اسسٹنٹ کمشنر سے اظہار ہمدردی کیا تھا۔واضح رہے کہ واقعے کے بعد فردوش عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی اسسٹنٹ کمشنر کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی شکایت لگائی تھی، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا اور اِسی انکوائری کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔