لاہور: (یواین پی) ٹوئٹر نے اداکارہ وینا ملک کی پوسٹ کو حذف کر دیا جس میں انہوں نے اسرائیل میں بڑھتے تشدد کے ردعمل میں ایڈولف ہٹلر کا یہودیوں کے بارے میں قول شیئر کیا۔12 لاکھ فالورز رکھنے والی 37 سالہ اداکارہ نے ایک پوسٹ میں ایڈولف ہٹلر کا مبینہ قول، میں دنیا کے تمام یہودیوں کو مار سکتا تھا لیکن میں نے ایسا نہیں کیا تاکہ دنیا جان لے کہ میں نے انہیں کیوں مارا، شیئر کیا۔سابق اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ اسرائیل کا میزائل نظام ’آئرن ڈوم‘ تباہ ہونے والا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کچھ اور پوسٹس کیں جن میں ہیش ٹیگ فری فلسطین کا استعمال کیا۔وینا کے اکاؤنٹ کی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ ٹوئٹر نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر کم از کم ایک پوسٹ کو حذف کیا ہے جبکہ بھارت میں اکاؤنٹ مکمل طور پر معطل کر دیا گیا جہاں وینا ملک بحیثیت ایک ریئلٹی ٹی وی سٹار مشہور ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب ٹی وی میزبان نے تشدد کی حمایت کی یا اس کا خیر مقدم کیا ہو۔ 2019 میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے بارے میں ایک ٹویٹ پر انہیں (بھارت میں) بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔اپنی اس ٹویٹ میں وینا ملک نے پائلٹ کی دو تصاویر شائع کیں جن کا طیارہ مار گرایا گیا تھا اور بعد میں انہیں پاکستان فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔انہوں نے دونوں تصاویر کا تقابل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ تصویر میں سب واضح ہے۔ پہلے اور بعد کی۔پہلی تصویر میں ونگ کمانڈر ابھی نندن ایک بھارتی لڑاکا طیارے کے سامنے فخریہ انداز میں کھڑے نظر آرہے ہیں اور اس کے بعد کی تصویر میں انہیں پاکستانی حکام کی تحویل میں خون میں لت پت اور ہتھکڑی لگے دکھایا گیا۔