عمران خان انصاف پسند آدمی ہیں، ہمیں ضرور انصاف ملے گا،۔پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے،انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے الگ گروپ بنایا تاکہ اسمبلی میں ترجمانی کی جا سکے،حکومت کے وجود میں ہمارے لوگوں کا بھی حصہ ہے۔جہانگیر ترین کی میڈیا سے گفتگو
لاہور(یو این پی)تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر انتقامی کاروائیاں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دباؤ ڈال رہی ہے اس لئے اسمبلی میں آواز اٹھانے کے لئے گروپ بنایا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ عمران خان انصاف پسند آدمی ہیں، ہمیں ضرور انصاف ملے گا ،ہم کوئی بھی فارورڈ بلاک نہیں۔پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔جہانگیر ترین نے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 31 مئی تک ضمانت میں توسیع ہوگئی ہے، ایف آئی اے کو مکمل منی ٹریل دے دی ہے۔۔جن چیزوں پر سوالات اٹھائے تھے ان کی مکمل منی ٹریل ایف آئی اے کو دے دی ہے، ہمارے خلاف ایف آئی آر میں چینی کا کوئی ذکر نہیں ،اس ایف آئی آر کا چینی مافیا یا شوگر سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ واضح کر رہا ہوں پی ٹی آئی کا حصہ تھے اور رہیں گے، ہمارا گروپ تین ماہ سے بنا ہوا ہے کل نہیں بنا۔میرے خلاف ایف آئی آر پر میرے دوست ساتھ کھڑے ہیں اور جب یہ لوگ وزیراعظم کو ملے تو وزیراعظم نے علی ظفر سے کہا کہ آپ ایف آئی اے اور ہمارے لوگوں سے بھی ملیں انصاف کریں اور حقیقت سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے گروپ کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے، پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہیے۔افسران کے تبادلے شروع ہوگئے اس دباؤ کے نتیجے میں میرے عشائیے میں لوگوں نے فیصلہ کیا کہ اپنی آواز پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے کیونکہ اس کی تمام ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہے ان کا غلط رویہ ہے۔ہم نے اسمبلی میں ترجمانی کے لئے گروپ بنایا ہم کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔پنجاب حکومت کو کہوں گا اپنی کارروائیاں بند کریں اور ہمارے گروپ کا خیال کریں، یہ آپ کے ہی لوگ ہیں اس حکومت کے وجود میں ہمارے لوگوں کا بھی حصہ ہے لہذا ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہیے ۔پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم بھی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں۔ اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ نے اپنے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا، اس حوالے سے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور عون چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ترین گروپ نے قومی اور پنجاب اسمبلی میں اپنے پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیے ہیں۔ راجہ ریاض قومی اسمبلی جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیے گئے ہیں۔بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے سینئر اور مرکزی رہنماء جہانگیرترین کی کل پیشی ہے، اسی سلسلے میں انہوں نے منگل کے روز ہم خیال گروپ کو عشائیہ دیا ، عشائیے میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، اسلم بھروانہ، عون چودھری، امین چودھری اور نذیر چوہان بھی ترین ہاؤس عشائیے میں گئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے نئے ارکان بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم این اے راجا ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے اور بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔