اسلام آباد (یواین پی) حکومت نے حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے رواں سال حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو کو فی الحال حج بکنگ نہ کروانے کی تلقین کی گئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج 2021 کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو حج کوٹہ دیے جانے کے بعد ہی حج پالیسی 2021 کا اعلان کیا جائے گا- حج کی اجازت ملنے کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے رجسٹرڈ اور کوٹہ ہولڈر حج کمپنیوں کی حتمی فہرست ویب سائٹ پرآویزاں کی جائے گی، اس کے بعد حج ادا کرنے کے خواہش مند افراد حج بکنگ کروائیں۔وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ چینی ویکسین کو امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے 73 فیصد موثر قرار دے دیا ہے، اس لیے رواں برس چینی ویکسین کی وجہ سے عازمین حج ، حج سے محروم نہیں رہیں گے۔