اسلام آباد: (یواین پی) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، 10 جون تک اساتذہ کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں ایس او پیز عمل درآمد اور ویکسینیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ملک بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تاہم سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ یو اے ای سے آنے والے مسافروں کو مخصوص لیبارٹریز کا کورونا منفی ٹیسٹ لازمی لانا ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ فیصلہ مسافروں کی جانب سے جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹس جمع کروانے کے بعد کیا گیا۔ مثبت کورونا رپورٹ کی صورت میں قرنطینہ کا مربوط نظام بنایا گیا ہے۔