لاہور (یواین پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2024ء سے 2031ء تک اپنے ایونٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک روزہ ورلڈ کپ 2027ء اور 2031ء میں 14 ٹیمیں شریک ہونگی، چیمپئنز ٹرافی کی بھی دوبارہ انٹری ہوئی ہے۔تفصیل کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2031ء تک شیڈول جاری کر دیا ہے۔ 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ ایک روزہ ورلڈ کپ 2027ء اور 2031ء میں 14 ٹیمیں شریک ہونگی۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مقابلوں کی ٹیموں کی تعداد کو بھی 20 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ مختصر فارمیٹ کا عالمی میلہ 2024ء ، 2026ء، 2028ء اور 2030 میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کرینگی۔ آئی سی سی ورلڈ کپس کے میزبان ممالک کے فیصلے رواں برس ستمبر میں ہونگے۔دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کو بھی آئی سی سی شیڈول میں دوبارہ انٹری مل گئی ہے۔ 2025ء میں ایونٹ کا دوبارہ انعقاد کیا جائے گا، جو ہر چار سال کے بعد دوبارہ کھیلا جائے گا۔آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد کم کر کے دس کرنا ایک متنازع فیصلہ تھا۔ ناقدین کا خیال تھا کہ یہ فیصلہ اس کھیل کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔تاہم آئی سی سی حکام نے اس وقت یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اس فیصلے سے ’مس میچ‘ کا خطرہ کم ہے اور براڈکاسٹرز کی بھی یہی ترجیح ہے۔