ابوظہبی: (یواین پی) 9 جون بروز بدھ سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل 6 کے بقیہ تمام میچز فیس بک پر براہ راست نشر کئے جائیں گے۔ یہ تمام میچ پیڈ آن لائن ایونٹس کے پلیٹ فارمز کے تحت نشر کئے جائیں گے۔پیڈ آن لائن ایونٹس کے تحت میچز کی براہ راست نشریات سے پی سی بی کو میچز مونیٹائز کرنے کا موقع ملے گا۔ ناظرین کو میچز کی براہ راست نشریات دیکھنے کیلئے یک وقتی سائن اپ عمل سے گزرنا ہوگا، جس کے بعد وہ کسی بھی وقت میچز دیکھ سکیں گے۔اس آن لائن پروگرام کی امریکا، کینیڈا، کیربین، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افریقا، مشرق وسطیٰ، افغانستان، بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش، بھوٹان، نیپال اور مالدیپ سمیت دنیا بھر میں رسائی ممکن ہو سکے گی کیونکہ ان مذکورہ ممالک میں پی سی بی پہلے ہی اپنے براڈ کاسٹ معاہدے کر چکا ہے۔