پشاور (یواین پی) پشاور نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ چند ہفتے قبل کورونا وبا کے پھیلاو کے حوالے سے خطرناک ترین شہر بن جانے والے پشاور نے اب حکومت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے مہلک وبا کی تیسری لہر کو شکست دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پشاور میں کورونا کی تیسری لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے، خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے باعث ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر کے وار تو جاری ہیں البتہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ملک بھر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 53 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 376 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 13 ہوگئی۔ البتہ تقریباً 4 ماہ بعد مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46882 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1383 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 53 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.94 فیصد رہی جو تقریباً 4 ماہ بعد کورونا کے مثبت کیسز کی سب سے کم شرح ہے۔ یاد رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 14 فروری کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.62 ریکارڈ کی گئی تھی۔