شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں

Published on June 10, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 121)      No Comments

لاہور(یو این پی) پاکستان میں ان دنوں شہریوں کو شدید گرمی کیساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب بھی بھگتنا پڑ رہا ہے۔اسلام آباد کے علاقے ملپور میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شدید گرمی میں سرکاری سکول کے 25 بچے بے ہوش ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے شکایات کے باوجود آئیسکو حکام ٹس سے مس نہ ہوئے۔کراچی میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نہ رک سکی جبکہ لاہورکے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اور ٹرپنگ نے شہریوں کو بے حال کر دیا۔فیصل آباد، جڑانوالہ، چک جھمرہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان اور خانیوال میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا۔گرمی میں لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری حکومت اور واپڈا حکام کے خلاف برس پڑے۔ ڈی جی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں گھنٹوں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکین اور تاجر سراپا احتجاج بن گئے، ٹائر جلا کر کوئٹہ جانے والی شاہراہ بند کر دی۔پشاور میں طویل لوڈشیڈنگ پر حکومتی ایم پی اے فضل الٰہی مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے کارکنوں کے ساتھ کوہاٹ گرڈ سٹیشن میں داخل ہو کر تین فیڈرز کی بجلی خود ہی بحال کر دی۔ایم پی اے فضل الہٰی کے خلاف پہلے بھی ازخود بجلی بحال کرنے پر کار سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج ہوا تھا۔دوسری جانب حماد اظہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی مختلف وجوہات ہیں۔ ایک وجہ تربیلا ڈیم میں روٹین مرمت کا کام جاری ہے جو چار روز میں مکمل ہو جائے گا جس سے تین ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں واپس آ جائے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme