اسلام آباد(یو این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام فلاحی ریاست کے قیام کی بنیاد ہے، یہ ایک زبردست اقدام ہے، اس پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت طالب علموں کو دی جانے والی سکالرشپس کو ایک ڈیٹا بیس پر لایا جائے۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سنٹر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلاحی ریاست کی جانب ایک بنیادی قدم ہے، جب اعدادوشمار دستیاب ہوں گے تو اہداف کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ون ونڈو سنٹر اور احساس ون ونڈو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ پروگرام جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوگا جس کے تحت قابل اور ضرورت مند طالب علموں کو سکالر شپس بھی دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر ضلع میں احساس ون ونڈو سنٹر قائم کرنے کے وزیراعظم کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں گی۔ اس پروگرام کے تحت قلیل مدت میں رجسٹریشن اور ریکارڈ دستیاب ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پودا بھی لگایا۔اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سینٹر کی طرح ملک کے ہر ضلع میں احساس ون ونڈو سنٹرز کھولے جائیں گے۔ احساس ون ونڈو مرکز میں ایک ہی چھت تلے احساس کی تمام سہولیات اور خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔