اسلام آباد (یواین پی )وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑا ہے۔ پاکستان افغانستان کا بڑا بھائی ہے، ہم وہاں مکمل امن چاہتے ہیں۔ افغان امن مذاکرات کیلئے پاکستان نے بہت محنت کی ، آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔تفصیل کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے یہ بات گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کیساتھ لاہور میں ملاقات کے موقع پر کہی۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کیساتھ ملاقات میں سفارتی وحکومتی معاملات، مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین اور امریکی عہدیداروں سے ہونے والی ملاقاتوں سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔چودھری سرور اور معید یوسف نے امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل لازم قرار دیا۔ دوران ملاقات گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ دنیا میں سفارتی محاذ پر بھرپور کامیابی حاصل کی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان صرف کشمیریوں کے ہی نہیں بلکہ فلسطینی عوام کے سفیربن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔