کراچی: (یواین پی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جو پیسہ بھی سندھ سرکار کے حوالے کیا جاتا ہے وہ بیرون ملک سے برآمد ہوتا ہے۔ سندھ میں عام ہاری کے پاس تو پانی نہیں آ رہا لیکن فریال تالپور، آصف زرداری اور مراد علی شاہ کی زمینوں میں پانی کا کوئی مسئلہ نہیں، یہ لوگ خود پانی چوری میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے اندر جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹرشپ موجود ہے۔ سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، پی ڈی ایم کے نام پر اپوزیشن نے ایک بد ذائقہ ڈش تیار کی جسے یہ خود بھی چکھ نہیں سکتے، یہ ساری جماعتیں دم توڑتی سیاسی تخت نشینی کی لڑائی کا حصہ ہیں، بھان متی نے کنبہ جوڑا، کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا، ان کی صورتحال یہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عمران خان کو چیلنج دینا چاہتی ہے تو وہ اپنے گریبان میں جھانکے، اس وقت پاکستان کا کوئی لیڈر ہے وہ عمران خان ہیں، آج تک پاکستان کے کسی لیڈر نے افغانستان پر اتنی واضح پالیسی نہیں دی، ہم پارلیمان کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ایک گری ہوئی معیشت کو سہارا دیا، آئندہ مالی سال میں ہماری معیشت 6 فیصد تک ترقی کرے گی، اپوزیشن لیڈر انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ سے باہر معاملات طے کرنا چاہتے ہیں، صاف ظاہر ہے شہباز شریف کا اپنی پارٹی پر کنٹرول نہیں، انہیں اپنے فیصلوں کے لئے کسی دوسرے کے کندھے کا سہارا لینے کی ضرورت ہوتی ہے، پارلیمان کے بل پر پارلیمنٹ کے باہر غیر منتخب لوگوں پر انحصار کر کے پارلیمنٹ کو کمزور کریں گے تو اس سے جمہوریت کمزور ہوگی۔