لاہور(یواین پی) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوہرٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا اصل مالک حراست میں لے لیا، گاڑی کے مالک کا تعلق حافظ آباد سے ہے، 2010 ماڈل ٹویوٹا کورولا گاڑی چوری کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی اداروں نے جوہر ٹاؤن بم دھماکے میں ملوث سہولتکاروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوہرٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا اصل مالک حراست میں لے لیاہے۔بتایا گیا ہے کہ جوہرٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی چوری کی ہے، گاڑی کا رنگ کالا اور 2010 ماڈل ٹویوٹا کورولا ہے گاڑی کے اصل مالک کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔ واضح رہے لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں بچے سمیت 3 افراد جاںبحق جبکہ بچوں،خواتین اور پولیس اہلکار سمیت14افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے کئی گھروں اور وہاں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ، اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، پولیس نے دھماکے والی جگہ اور اطراف کے علاقے کو سیل کر دیا ، دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین فوری موقع پر پہنچ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پبلک مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دیسی ساختہ20سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔