فیصل آباد ( یو این پی )پاکستان کے صوبہ پنجاب میں فیصل آباد شہر کے قریب ایسا گاؤں بھی ہے جہاں سگريٹ ملتی ہے نہ کوئی بچہ مزدوری کرتا ہے، شادياں بھی سادگی سے ہوتی ہيں۔منبر و محراب ايسا پليٹ فارم جو پورے علاقے کو بدل سکتا ہے اور اس کی مثال فيصل آباد کا گاؤں اوڈھا والا ہے، جہاں ايک ہزار گھر، ہزاروں مکين اور ان کے دل مرکزی مسجد کے امام حافظ محمد امين کی کوششوں سے بدل گئے۔کچھ عرصہ پہلے ہدايت کی کہ سگريٹ چھوڑ دو تو پورے گاؤں نے لبيک کہا، دوسرا مشورہ ديا کہ شادياں سادی سے کرو جس پر سب نے عمل کيا اور پھر حديث ياد دلائی کہ قبريں پکی نہ کراؤ، جس کے بعد سے قبرستان ميں آج تک ہر قبر کچی ہے۔حافظ محمد امين نے انگريزی سميت 3 مضامين ميں ايم اے کی ڈگرياں حاصل کر رکھی ہيں۔گاؤں ميں تعليم کی شرح 95 فيصد سے زائد ہے، یہاں آج تک صرف 15 مقدمات درج ہوئے ہیں، جو آپس ميں نمٹا دیئے گئے، لگ بھگ پورا گاؤں نمازی ہے۔