اسلام آباد (یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ عوام دشمن بجٹ کا پہلا نتیجہ قوم کو موصول ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے نے سلیکٹڈ وزیراعظم کے عزائم بےنقاب کردیے ہیں۔ بجلی، گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی، وزیراعظم اوگرا کی آڑ میں عوام پر وار کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک معاشی ترقی کررہا ہے تو اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟۔واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے آئندہ 15دن کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق پیٹرول 2 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپیہ 44 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔