کوئٹہ: (یواین پی) کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوتے ہی بلوچستان حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے طرز کی نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔اس بات کا اعلان ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیسز بڑھتے ہی گزشتہ عید سے پہلے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اپریل کے بعد سب سے زیادہ گزشتہ روز کورونا کی شرح رپورٹ ہوئی۔ گزشتہ روز بلوچستان میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 9.43 فیصدر ریکارڈ کیا گئی۔ انہوں نے کہا کہ عید قرباں قریب آتے ہی بازاروں اور مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا ہے۔ ہمسایہ ممالک میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اثرات ہم پر پڑھ سکتے ہیں۔لیاقات شاہوانی کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان میں کاروباری مراکز 10 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریسٹورنٹ میں اب صرف 50 فیصد لوگوں کو کھانا کھانے کی اجازت دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شادی ہال اور مزارات سخت ایس او پیز کے تحت کھلے رہیں گے جبکہ پورے صوبے میں جمعہ کے روز تمام مارکیٹوں کو بند رکھا جائے گا۔ سینما میں کورونا ویکسینشن والے افراد داخل ہو سکیں گے۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔