برمنگھم (یواین پی) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 14 سنچریاں بنا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔انہوں نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں سنچری بنا کر سابق جنوبی افریقن بلے باز ہاشم آملہ کی تیز ترین 14 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا جنہوں نے 84 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ بابر اعظم نے صرف 81 اننگز کھیل کر 14 سنچریاں سکور کیں۔اس کے ساتھ ساتھ بابراعظم انگلش سرزمین پر 38 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل 1983ءمیں سابق پاکستانی کپتان عمران خان نے لیڈز میں سنچری سکور کی تھی۔منگل کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بابراعظم نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کر کے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے، انہوں نے کیریئر بہترین 158 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ بابراعظم کے کیریئر کی 14ویں سنچری ہے اسطرح انہوں نے تیز ترین 14 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا جو اس سے قبل ہاشم آملہ کے پاس تھا، بابراعظم نے صرف 81 اننگز میں چودہ سنچریوں کا سنگ میل عبور کیا۔بابراعظم نے اب تک 83 میچز کی 81 اننگز کھیل کر 3985 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 14 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔