وزیراعظم عمران خان ”آج“سے ازبکستان کا دوروزہ دورہ کرینگے

Published on July 15, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 119)      No Comments

اسلام آبا د(یواین پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صدر شفقت مرزایوف کی دعوت پر 15 تا 16 جولائی 2021 کو ازبکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ایک اعلی سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا جس میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان شامل ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی نامور کاروباری شخصیات کا ایک بڑا گروپ بھی تاشقند کا دورہ کررہا ہے۔ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان وسیع امور پر بات چیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر محیط ہوگی جس میں خاص طورپر تجارت، معاشی تعاون اور رابطوں کی استواری پر گفتگو ہوگی۔ دونوں قائدین باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔دورے کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہراکرنے کے لئے متعدد معاہدات/ مفاہمت کی یاداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط بھی متوقع ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان ازبکستان بزنس فورم کے پہلے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ پاکستان اور ازبکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات فورم میں شرکت کریں گی جبکہ ’بزنس ٹو بزنس‘ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر دونوں اطراف تاشقند میں’مشترکہ بین الحکومتی کمشن(جے آئی جی سی) کے چھٹے اجلاس اور ’مشترکہ بزنس کونسل‘ کے افتتاحی اجلاس کا بھی انعقاد کررہی ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes