پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو شکست دیدی

Published on July 17, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 155)      No Comments


پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں
ناٹنگھم(یو این پی) ​پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 232 رنز بنائے جس کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن روئے نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ڈیوڈ ملا کو 1 اور پھر جونی بریسٹو کو 11 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا جب کہ معین علی بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ جیسن روئے 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔کپتان ایون مورگن 16 اور لیوس گریکوری 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم لیام لیونگ اسٹون نے وکٹیں گرنے کے باوجود جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 42 گیندوں پر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی جس میں 9 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے تاہم شاداب نے اگلی ہی گیند پر انہیں پویلین واپس بھیج دیا، وہ 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 3،3 محمد حسنین، حارث رؤف اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 150 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔بابراعظم 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز اور محمد رضوان 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ صہیب مقصود نے 7 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ فخرزمان 8 گیندوں پر 26 اور محمد حفیظ نے 10 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 2، ڈیوڈ ولے، ثاقب محمود اور لیوس کریگوری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog