مظفرآباد (یو این پی)آزاد کشمیر انتخابات، تحریک انصاف کو 22 نشستیں ملنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے انعقاد کے میں صرف 2 دن باقی ہیں۔ چند گھنٹوں بعد آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کا وقت ختم ہو جائے گا۔ انتخابات کے انعقاد سے قبل ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہی ہے۔جبکہ انتخابات میں پارٹی پوزیشن کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حبیب اکرم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اس مرتبہ حکمراں جماعت کیلئے فتح حاصل کرنا قدرے مشکل ٹاسک ہے۔ آزاد کشمیر کی کل 33 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کی 12 نشستوں پر پوزیشن مضبوط ہے، جبکہ 10 نشستوں پر تھوڑی محنت سے کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔10 میں سے 4 نشستیں ایسی ہیں جہاں تحریک انصاف کو صرف تھوڑی سی توجہ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ باقی 6 نشستوں پر مقابلہ سخت ہے، یہاں اگر تحریک انصاف کچھ زیادہ محنت کرے تو اسے ان نشستوں پر بھی فتح حاصل ہو سکتی ہے، یوں حکمراں جماعت کیلئے 33 میں سے 22 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کا امکان ہے، تاہم تینوں بڑی جماعتوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔دوسری جانب انتخابات سے قبل گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک سروے کروایا گیا ہے جس میں آزاد کشمیر کی عوام سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی۔ سروے کے دوران آزاد کشمیر کی عوام سے سوال کیا گیا کہ وہ وزیراعظم عمران خان، چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، شہباز شریف اور مریم نواز میں سے کسے اپنا پسندیدہ ترین لیڈر مانتے ہیں۔ جواب میں عمران خان تقریباً 70 فیصد کشمیریوں کے پسندیدہ ترین لیڈر قرار پائے جبکہ مریم نواز آزاد کشمیر میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہیں، بلاول دوسرے مقبول ترین لیڈر قرار پائے۔