راولپنڈی(یو این پی) آرمی چیف کا پیپلز پارٹی کے چئیرمین سے ٹیلی فونک رابطہ، جنرل قمر باجوہ کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو صاحبزادے کے ولیمہ میں شرکت کی دعوت۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی پی چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو کو اپنے صاحبزادے کے دعوت ولیمہ میں مدعو کیا گیا۔یہاں واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ 2 بیٹوں کے والد ہیں، ان کے ایک بیٹے کی شادی 2018 میں ہو چکی، جبکہ اب ان کے چھوٹے بیٹے بھی نئی زندگی کے آغاز کیلئے تیار ہیں۔ کچھ عرصہ قبل قومی سلامتی کے اجلاس کے دوران غیر رسمی گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیاسی رہنماوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کا رشتہ ایک پختون گھرانے میں کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے بلاول بھٹو کے علاوہ دیگر سیاسی رہنماوں کو بھی اپنے چھوٹے بیٹے کی دعوت ولیمہ کیلئے مدعو کیا ہے۔ جنرل قمر باجوہ کے بڑے بیٹے کی شادی کی تقریب میں بھی ملک کی نامور سیاسی قیادت نے شرکت کی تھی۔