اسلام آباد(یو این پی) جمعیت علمائے اسلام پاکستان و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کشمیر فروشی کے ہمارے دعوؤں پر مہر ثبت کر دی، آزاد کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کیلئے ریفرنڈم اقوام متحدہ کی تاریخی قراردادوں سے کھلا انحراف ہے، ریفرنڈم اس 7نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کی ابتدا سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے کی تھی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے ردعمل میں کہا کہ کشمیر فروش سلیکٹیڈ حکمرانوں نے کشمیر سے متعلق بیان دیکر ہمارے موقف کی تائید کرتے یوئے کشمیر فروشی کا اعتراف کرلیا ہے پارٹی عہدیداروں اور ارکان اسمبلی سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کیلئے ریفرنڈم کرانے کی بات اقوام متحدہ کی تاریخی قرار دادوں و مؤقف سے کھلا انحراف اور اسی سات نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کی شروعات سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے اپنے دور میں کی تھی۔انہوں نے کہا گلگت بلستان اور 85 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے و آبادی کو چھوڑ کر صرف آزاد کشمیر میں ریفرینڈم کرانا جدوجہد و آزادی کشمیر کے ساتھ غداری ہے ہم مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کے حق استصواب رائے سے چاہتے ہیں۔