کراچی(یواین پی)پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا گانا ‘رفتہ رفتہ’ ریلیز ہوگیا ہے جس کی ویڈیو میں معروف اداکارہ سجل علی خوبصورت انداز میں جلوے بکھیرتی نظر آرہی ہیں۔یہ گانا 21 جولائی کو عید کے روز یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا جسے اب تک 24 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں اور یہ ٹاپ ٹرینڈز میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔یہ ویڈیو دلکش اور قدرتی مناظر سے بھرپور ہے جس میں عاطف اسلم اور سجل علی رومانوی انداز میں مزید خوبصورت دکھائی دے رہے ہیں۔گانےکی موسیقی اور شاعری معروف بھارتی موسیقار اور گیت نگار راج رجنودھ کی تخلیق ہے جس میں انہوں نے اپنے فن اور صلاحیت کا بھرپور استعمال کیا ہے، گانے کو تارون چوہدری اور عمر احمد نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ ہدایت کاری حسن بلوچ کی ہے۔صارفین کی جانب سے اس گانے کو بہت پسند کیا جارہا ہے اور بیشتر نے اسے عاطف اسلم اور سجل کی جانب سے عید کے موقع پر عیدی قرار دیا ہے۔اگر گانے کے حوالے سے صارفین کے ردعمل کا خلاصہ پیش کیا جائے تو حقیقت یہ ہے کہ عاطف اسلم کے دیگر گانوں کی طرح ‘رفتہ رفتہ’ نے بھی صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔