پشاور(یواین پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل حل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل کو حل کرنے سے متعلق امور پربات چیت کی گئی۔اجلاس کو صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے تین گرڈ اسٹیشنز کے رائٹ آف وے کا مسئلہ جلد حل کردیا جائے گا اور پیسکو کے صوبائی حکومت سے متعلق معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔محمود خان نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل حل کریں گے جبکہ پیسکو کے وفاقی حکومت سے متعلق معاملات جلد وزیراعظم کے ساتھ اٹھاوں گا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ن ےمزید کہا کہ صوبے میں بجلی کی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے جبکہ پیسکو دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف پیسکو کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔