گیانا (یواین پی) 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے ہرا کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔ گیانا میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔شرجیل خان اور محمد رضوان نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شرجیل کی 20 گیندوں کی اننگز اختتام کو پہنچی۔رضوان کا ساتھ دینے کپتان بابراعظم آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم کی، رضوان 46 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو قومی ٹیم رنز بنانے کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا رہی۔کپتان بابراعظم 51 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ صرف چھ رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔ جیسن ہولڈر نے پہلی گیند پر حسن علی کو آؤٹ کیا اور اگلی گیند پر صہیب مقصود کی جانب سے مارے گئے چھکے کو شیفرڈ نے ناقابل یقین کیچ میں تبدیل کرکے پاکستان کو 7واں نقصان پہنچایا۔ اننگز کی آخری گیند پر شاداب خان رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔میزبان ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 158 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔ آندرے فلیچر بغیر کوئی رن بنائے محمد حفیظ کا نشانہ بنے، ایون لوئس 35 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ شیمرون ہٹمائر نے 17 رنز کی اننگز کھیلی، نکولس پورن نے 62 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچاسکی، کیرون پولارڈ نے 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، محمد حفیظ، محمد وسیم جونیئر اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔