وہاڑی(یواین پی)کمشنر ملتان ڈویژن شیر عالم محسود نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کے99فیصد باشندوں کے نہ تو بیرون ملک بینک بیلنس ہیں نہ ہی جائیدادیں۔ جب رہنا اس ملک میں ہے تو پھر ملک میں نفرت کی آگ بھڑکانے کی بجائے اسے امن کا گہوارہ بنا کر ہمیں اپنے اور اپنی نسلوں کے حال و مستقبل کو محفوظ بنانا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی او وہاڑی کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈی سی او جواد اکرم ، ڈی پی او صادق علی ڈوگر، اے ڈی سی رافد احمد ملہی، ڈی او سی مہر امیر بخش ، مولانا قاضی محمد وھاج، مولانا سید محمد اقبال شاہ ، حافظ عبدالخالق وٹو ، مولانا محمد طیب ، چیئر مین انجمن تاجران چوہدری محمد سرور، صدر مرکزی انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی ، جنرل سیکرٹری راؤ محمد خلیل ، صدر مرکزی انجمن تاجران بوریوالہ محمد جمیل بھٹی ، سجادخان کچھی ، عباس علی ، شیخ جاوید کالا، چودھری سرفراز، محمد الطاف سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور نمائندے شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن شیر عالم محسود نے کہا کہ ہمیں کسی کا آلہ کار بن کر اپنے علاقے کاامن خراب کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔ کمشنر شیر عالم محسود نے کہا کہ ہمیں امن سے بیٹھ کر ہی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہیں۔ دین اسلام میں صفائی کونصف ایمان کا درجہ حاصل ہے لیکن ہمارے اردگرد کی صورتحال ہمارے نصف ایمان کی شاہد ہے۔ بقیہ نصف ایمان کے متعلق تو صر ف خدائے بزرگ و برتر کو علم ہے۔ ہمیں اپنے نصف ایمان صفائی پر توجہ دے کر اسے بہتر بنانے کیلئے کوشاں رہنا ہے ۔ یقیناً یہ ہمارے لئے آخرت کا سامان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبر رسول صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کو اس معاشرے میں صفائی اور امن کے پیغام کیلئے استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ڈی سی او جواد اکرم اور ڈی پی او صادق علی ڈوگرنے ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ممبران امن کمیٹی کے تعاون کو مثالی قرار دیا۔ ممبران امن کمیٹی نے بھی امن برقراررکھنے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا