مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے”ہمارا پرچم یہ پیارا پرچم“و دیگر ملی نغمے پیش کئے
میاں فرخ حبیب،ڈویژنل کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس ودیگر شریک ہوئے
فیصل آباد (یو این پی) ضلع فیصل آباد میں یوم آزادی محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے ملی انداز اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستان کو خوشحال و مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کمشنر آفس کمپلیکس کے گراؤنڈمیں منعقد ہوئی۔جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب،ڈویژنل کمشنر ثاقب منان،ڈپٹی کمشنر محمد علی،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس وایم این اے فیض اللہ کموکا،ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر،شکیل شاہد،میاں وارث عزیز،فردوس رائے،ڈی جی ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم،ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ،ایڈیشنل کمشنرکوارڈینیشن عمران رضا عباسی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری،تحریک پاکستان کے کارکنان،حاجی بشیر احمد(انصاف والے)،اصغر مخدومی،ضلعی امن کمیٹی کے ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،صاحبزادہ فیض رسول رضوی،مولانا محمد ریاض کھرل،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس،میاں فاروق،محمد صادق،ماہر تعلیم اختر بٹ،کپل آف فیصل آباد مسٹر اینڈ مسز ناصر،ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری،طالب علم،ننھے منے بچے بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔صج 8 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی کے بعد افسران نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ بعدازاں شرکاءنے بیک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔اس موقع پر شرکاءتقریب کی طرف سے قومی پرچم، جھنڈیاں اور کشمیر کا جھنڈا لہرایا گیاجبکہ مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے”ہمارا پرچم یہ پیارا پرچم“و دیگر ملی نغمے پیش کئے جبکہ پنجاب پولیس،شہری دفاع،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،موٹر بائیکس ریسکیو سروس نے مارچ پاسٹ اور سلامی دی۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات نے قوم کوجشن آزادی کی مبارکباددی اور کہا کہ یہ وطن لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔آج ہم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان ماؤں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے لعلوں نے اس ملک میں اپنے لہو سے امن کے دیئے جلائے۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بڑی نعمتوں سے نوازا ہے یہاں کھیت،کھلیان،ہریالی،پہاڑ اور میدان بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے جو خواب سوچا ہم نے اس کو حقیقت میں ڈھالنا ہے، کشمیریوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں اورکشمیریوں کی آزادی تک ساتھ دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔پاکستان کی بنیادیں ہم نے عدل اور انصاف پر قائم کرنی ہیں۔اس پاکستان کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔سبز ہلالی پرچم کی حفاظت بھی ہمارا ہی کام ہے۔آزادی کی نعمت آج کشمیروں سے پوچھیں۔ڈویژنل کمشنر نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آزادی کا دن منانے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ اور وطن کی بے لوث خدمت کے عزم کو مزید پختہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کا جذبہ دیدنی ہے اور پاکستان سمیت فیصل آباد میں بھی یوم آزادی ملی جذبے سے منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اپنے شعبوں میں خلوص نیت سے کام کریں نظم و ضبط برقرار اور ایثار کے جذبات کو پروان چڑھائیں تاکہ حقیقی معنوں میں قائداور اقبال کے تصورات کے مقاصد ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے سلسلے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ارکان اسمبلی نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی‘ قومی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کی دعا اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے تقریب کے شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔