رپورٹ ۔۔۔ یواین پی
دائمی خوب صورتی اور اچھی صحت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ ہمیشہ تازہ معیاری اور قدرتی چیزوں کو ترجیح دی جائے۔ حسن اور صحت کا آپس میں بہت ہی گہرا اور مضبوط تعلق ہے، اگر آپ ان دونوں کو پانا چاہتے ہیں تو اچھی خوراک کے بغیر ان کا حصول کسی صورت ممکن نہیں۔اکثر خواتین نہایت دل کش، حسین اور خوب صورت نظر آنے کے لیے مختلف داﺅ پیچ آزماتی ہیں، لیکن وہ اکثر اپنی ان کوششوں میں کام یاب نہیں ہوپاتیں ، اس کی وجہ اچھی غذا نہ لینا ہے۔ جب تک اچھی اور صحت بخش غذا حاصل نہ کی جائے اس وقت تک یہ کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوسکتیں کیوں کہ غذائی مدد کے بغیر حاصل کردہ خوب صورتی محض چند دن کی ہوتی ہے۔ہماری خواتین مہنگی مہنگی اور غیر ممالک سے درآمد کردہ کریمیں اور لوشن استعمال کرتی ہیں تاکہ وہ کسی نہ کسی طرح خوب صورت نظر آئیں اس کے لیے وہ خاصی کثیر رقوم خرچ کرتی ہیں مگر شاید وہ یہ نہیں جانتیں کہ اس سطح کے نتائج وہ صرف چند دن کی ایک اچھی غذا استعمال کرنے سے بھی حاصل کرسکتی ہیں۔چہرے کو شاداب بنانے کے خواہش مند چہرے کی جلد کو نرم اور ملائم رکھنے کے لیے اس کی صفائی اور حفاظت کو روز مرہ کا معمول بنالیں۔ اس مقصد کے لیے روزانہ چہرے کو صاف اور تازہ پانی سے دھو کر بھاپ لیں تاکہ مساموں کے اندر موجود میل نکل جائے۔ ایسی افراد جن کی جلد خشک ہو، انہیں بھاپ کی ضرورت نہیں، بلکہ وہ کھانے میں یا لگانے میں کسی ایسی غذا یہ قدرتی چیز کا استعمال کریں جن سے ان کی خشکی روٹین پر آجائے۔ایسی خواتین جن کے چہرے سے زردی جھلکتی ہو، انہیں چاہیے کہ وہ موسمی پھلوں کا استعمال کریں، مزید یہ کہ تازہ پھلوں کے ساتھ ساتھ موسمی سبزیوں کا بھی استعمال کریں۔ لیموں شفائی اثرات کا بیش بہا خزانہ ہے۔ اس کا استعمال چہرے پہ کیل مہاسوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ جسم میں دوڑنے والے خون کو بھی صاف رکھتا ہے۔ صبح نہار منہ میں ایک گلاس پانی میں لیموں نچوڑ کر پینے کی عادت بنالیں۔ علاوہ ازیں اگر نہانے کے دوران بھی ایک چمچہ نمک اور ایک چمچہ لیموں کا رس ملالیں تو ساری تھکاوٹ دور ہو جائے گی۔دودھ کا استعمال بھی حسن اور صحت کی حفاظت کرتا ہے دودھ سے سے نہ صرف طاقت و قوت حاصل ہوتی ہے بلکہ یہ چہرے کو خوب صورت بنانے میں بھی معاون ہے۔ ایک گلاس دودھ میں پسی ہوئی ہلدی اور شہد کا مکسچر تاعمر چاق و چوبند اور بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ دودھ سے چہرہ دھونے سے چہرے پر جو تازگی آئے گی، وہ دوسری کسی مہنگی سے مہنگی کریم سے بھی نہیں آسکتی۔بازاری کریموں اور کاسمیٹکس سے اپنی جلد کو مصنوعی خوب صورتی نہ دیں، بلکہ قدرتی چیزوں مثلاً تازہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ان کا جوس بنا کر بھی استعمال کریں، پھر دیکھیں کہ آپ کو کیسی فرحت اور تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ تازہ سبزیوں کی بھجیا اور سالن بناکر استعمال کریں۔ علاوہ ازیں تازہ سبزیوں اور تازہ پھلوں کے ذریعے چہرے پر لگانے کے لیے کلینزنگ ملک اور ماسک بھی بنائے جاسکتے ہیں۔دائمی حسن و خوب صورتی اور اچھی صحت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ ہمیشہ تازہ معیاری اور قدرتی چیزوں کو ترجیح دیں۔ ہمیشہ اس چیز کا استعمال کریں جو آپ کے معدے میں داخل ہوتے ہی فوری طور پر ہضم ہوجائے اور آپ کی صحت کے ساتھ آپ کی خوب صورتی میں بھی معاون بنے۔