فیصل آباد (یو این پی)وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سرویلنس اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اوریوم عاشور کے اختتام تک وفاقی، صوبائی، ڈویژنل و ضلعی سطح پرقائم کنٹرول رومز24 گھنٹے فعال ہیں، کمشنر، ریجنل پولیس آفیسر،سٹی پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت حساس اداروں کے حکام سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سخت مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اورحکومت کی یہی کوشش ہے کہ محرم الحرام کو ہر لحاظ سے پر امن بنایا جا ئے۔وہ اتوار کی رات محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے گھنٹہ گھر کے اطراف کے بازاروں کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پرصوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لیبر ایم پی اے میاں شکیل شاہداورچیئرمین پی ایچ اے میاں وارث عزیزایم پی اے بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد علی، سی پی او سہیل چوہدری اور اے سی سٹی نے انہیں یوم عاشور کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔وزیر مملکت نے گھنٹہ گھر کے اطراف بازاروں اور امین پور بازار سمیت کوتوالی روڈپر دھوبی گھاٹ گراؤنڈ اور مرکزی امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا اور سکیورٹی امور بارے معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر فرخ حبیب نے کہا کہ یوم عاشور کے اختتام تک امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے حکومت کی طرف سے سپیشل انتظامات کئے گئے ہیں اور ملکی، صوبائی، ڈویژنل و ضلعی سطح پر ایک زبردست فول پروف سکیو رٹی نظام بنایا گیا ہے نیز وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اس پر مکمل توجہ ہے جس کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی جو ہماری مرکزی امام بارگاہیں ہیں ان کی سکیورٹی کابھی جائزہ لیاگیا ہے جہاں بہترین انتظامات موجود ہیں جبکہ اس ضمن میں اکثر جگہوں پر تین اور چار درجاتی حصار جبکہ بعض حساس مقامات پر سات درجاتی حصار بنائے گئے ہیں اور اس کی سرویلنس باقاعدہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے جلوسوں و مجالس کے اختتام تک وفاقی، صوبائی، ڈویژنل و ضلعی سطح پرقائم کئے گئے کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہیں جبکہ اس کے بعد بھی حکومت کی یہی کوشش ہے کہ محرم الحرام کو ہر لحاظ سے پر امن بنایا جا ئے تاہم امن و مان کے حوالے سے علما،تاجروں اورشہریوں سے بھی تعاون کی درخواست ہے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ہماری تاجر برادری نے بھی اس میں بھرپور تعاون کیا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے کاروبار کو بھی کھلارکھنے کیلئے جس بازار میں محرم کا جلوس ہے صرف اسی بازار کو جلوس کے اوقات میں سرویلنس اور سیکورٹی کے مقصد کے پیش نظر بند کیا جا رہاہے جبکہ باقی بازار کھلے رکھے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کا کاروباری عمل بھی جاری رہے اور ہمارے سکیورٹی کے انتظامات میں بھی کوئی خلل نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور سی پی اوفیصل آباد سمیت دیگر حکام نے تاجر تنظیموں کے نمائندگان سے مل کر خاصی محنت کی ہے جس پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرنے سمیت علما اور تاجر برادری کے بھی تعاون پر مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی اس سلسلہ میں مزید تعاون بھی درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاللہ علما، تاجروں، شہریوں کے تعاون سے آئندہ بھی شہر میں امن برقرار رکھیں گے۔وزیر مملکت اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ہماری ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سربراہان بڑا زبردست کام کر رہے ہیں اسلئے ہم ان کے بھی معترف اوران کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔دریں اثناانہوں نےمتعلقہ حکام کویوم عاشور کے اختتام تک عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن کی فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیںانہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ضلعی وڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کو سوفیصد چالو حالت میں ہونا چاہیےانہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت کسی بھی جگہ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگااور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔انہوں نے تمام مسالک سے محرم الحرام کے سلسلہ میں جاری ضابطہ اخلاق کی بھی پابندی کی اپیل کی۔