لاہور (یواین پی)خواتین اداکاراﺅں نے جشن آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میںٹک ٹاکر لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ایسے درندوں کو کٹہرے میں لاکرسخت ترین سزا نہیں دی جائے گی ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔اداکارہ صوفیہ احمد،متھیرا،ثناءاورسجل علی نے اس حوالے سے اپنے بیانات میں میڈیا اورسوشل میڈیا میں شیئر ہونے والی ویڈیو پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہورمیںگریٹراقبال پارک جیسے مقام پر جو ہوا اس سے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔اتنی دیرشورشرابہ رہا گریٹراقبال پارک کی سکیورٹی اور پولیس کیوں نہ بروقت پہنچی اور لڑکی کواس قدر ہراساں کرنے والوں کو کیوں موقع پر گرفتار نہیں کیا گیا،اس طرح کے واقعات ہمارے معاشرے کے تشخص پر بد نما داغ ہیں اور انہیں دھونا آسان نہیں ہوتا۔خواتین اداکاراؤں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ لڑکی کے ساتھ ہیں اور اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ اس نے خاموش رہنے کی بجائے بھیڑیا نما ہجوم کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے دلیرانہ فیصلہ کیا۔