پاکستان اور افغانستان کی پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی
Published on August 22, 2021 by admin ·(TOTAL VIEWS 157) No Comments
لاہور (یواین پی) پاکستان اور افغانستان کی پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے کروڑوں شائقین کرکٹ کو مایوس کن خبر موصول ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیدول پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیریز منسوخی کا باقاعدہ اعلان ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔بتایا گیا ہے کہ سری لنکا میں نافذ لاک ڈاون اور لاجسٹک مسائل کی وجہ سے سیریز منسوخ کرنا پڑی۔ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان اور ہفتے کے روز سے مجوزہ تربیتی کیمپ بھی ملتوی کردیا تھا ۔ پی سی بی ترجمان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیڈول اور ٹریول پلان کا انتظار ہے، ٹیم کے اعلان سمیت کیمپ بھی اسی شیڈول سے مشروط ہے ۔جب تک میزبان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی شیڈول اور ٹریول پلان جاری نہیں ہوتا، اس وقت تک ٹیم کا اعلان اور کیمپ بھی موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ ٹریننگ کیمپ کے اخراجات سے بچنے کے لیے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کی سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا کے مہندرا راجا پکسے سٹیڈیم میں میزبانی کرنا تھی لیکن لاجسٹک مسائل نے اسے مشکلات میں مبتلا کیے رکھا۔ یو اے ای میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد کے سبب اس سیریز کو سری لنکا منتقل کرنا پڑا تھا ۔ یہ پہلا موقع ہوتا جب پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں کسی ون ڈے سیریز میں آمنے سامنے آتیں، تاہم اب دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کو اس سیریز کے انعقاد کیلئے مزید انتظار کرنا ہو گا۔
:اسی سے منسلک خبریں جو آپ پڑھنا چاہیں گے
Post Views: 126
Related