دُبئی میں بلی کی جان بچانے والے پاکستانی پر درہم کی برسات

Published on August 28, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 207)      No Comments

دُبئی(یواین پی) آج کے دور میں انسانیت کے لیے درد رکھنے والے کم ہوتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سرمایہ دارانہ سماج میں بے حسی کا فروغ پانا ہے اور ہر شخص دوسرے کو کچل کر آگے نکلنے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے۔ تاہم کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے حساس دل صرف انسانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ جانوروں کی مشکل پر بھی تڑپ اٹھتے ہیں اور وہ اپنے قیمتی وقت کو بچانے کی فکر کی بجائے ان جانوروں کی زندگی بچانے پر تُل جاتے ہیں۔ایسا ہی معاملہ دُبئی میں بھی پیش آیا جہاں ایک بلی کئی منزلہ رہائشی بلڈنگ سے گرنے کے قریب تھی۔ یہ بلی حاملہ بھی تھی جس کی وجہ سے اس سمیت کئی اور جانیں بھی ضائع ہو جانی تھیں۔ تاہم ان چار افراد نے ایک چادر کی مدد سے بلی کو زمین پر گرنے سے بچا لیا۔جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دُبئی کے حکمران نے بھی اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بڑا اقدام اُٹھا لیا۔تفصیلات کے مطابق دبئی کے حکمران اوراماراتی وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بلی کی جان بچانے والے 4 نوجوانوں پر درہم کی برسات کر دی۔عرب میڈیا کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بلی کی جان بچانے والے 4 افرا کے لیے 2 لاکھ درہم (90 لاکھ پاکستانی روپے) انعام کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں چار افراد نے عمارت سے لٹکی ہوئی بلی کو چادر کی مدد سے زمین پر گرنے سے بچایا تھا،یہ بلی حاملہ تھی۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے چاروں افراد کی تعریف کرتے ہوئے صارفین سے بلی کی مدد کرنے والے افراد کی شناخت کرنے کی اپیل کی تھی۔ خلیجی میڈیا کے مطابق چاروں افراد کی شناخت ہو گئی ہے جن میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے، یہ تمام افراد دبئی میں مختلف نوکریاں کر کے اپنے گھر والوں کی کفالت کر رہے ہیں۔ ان افراد کی نشاندہی ہونے کے بعد دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے انہیں اپنے پاس بلایا اور ملاقات میں ان کے ہمدردی اور درد مندی کے جذبے کو بے حد سراہا۔ اور ان کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ درہم کا اعلان کیا جو ان چاروں افراد میں مشترکہ طور پر 50، 50 ہزار درہم کی صورت میں تقسیم ہو جائے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy