لاہور ۔۔۔ پاکستانی اداکارہ ریما خان کا امریکا سے واپسی پر علامہ اقبال انترنیشنل ایئرپورٹ پر قیمتی سامان سے بھرا بیگ گم ہوگیا۔ریما خان کے منیجر کا کہنا ہے کہ ریما امریکا سے عزیز و اقارب اور رشتے داروں کےلئے قیمتی تحائف لائی تھیں جو اس بیگ میں موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ بیگ کی گمشدگی کی رپورٹ ایئرلائن کو درج کرا دی گئی تاہم اس حوالے سے ہمیں ابھی تک کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لاہور کے علامہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان چوری ہونا معمول بن چکا ہے۔ اس حوالے سے 13 ستمبر کو سیکریٹری سول ایوی ایشن نرگس سیٹھی نے لاہور ایئرپورٹ کے ہنگامی دورے کے دوران کہا تھا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کسی طور انٹرنیشنل نہیں لگتا۔ یہاں ملی بھگت سے مسافروں کی قیمتی اشیاء نکال لی جاتی ہیں، سامان کی چوری میں ایئرپورٹ کے تمام ادارے ملوث ہوتے ہیں۔