لاہور(یواین پی) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت گرگئی تو تمام حکومتی جماعتوں کا نقصان ہوگا،ہم نہیں چاہتے کہ پنجاب میں حکومت گرجائے،پیپلزپارٹی نے کبھی عدم اعتماد کی بات نہیں کی ،عثمان بزدار حکومت پانچ سال مدت پوری کرے گی،ہمارے تعلقات کی وجہ سے پی ٹی آئی کو سینیٹ الیکشن میں بہت فائدہ ہوا۔انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اپنی دکانداری کیلئے ہمارے خلاف چیزیں کرتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں ہمارے تعلقات کی وجہ سے پی ٹی آئی کو بہت زیادہ فائدہ ہوا،ہمارے تعلقات کی وجہ سے پنجاب میں سینیٹ الیکشن میں سودے بازی نہیں ہوئی، ہمیں سینیٹ الیکشن سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی حکومت پر جب مشکلات آئیں ہم نے سہارا دیا، ہم نہیں چاہتے کہ پنجاب میں حکومت گرجائے،اگر پنجاب حکومت گرتی ہے تو اس کا نقصان تمام پارٹیوں کو ہوگا،عثمان بزدار سے میرا تعلق بہت پرانا ہے، عثمان بزدار کے والد ہماری جماعت میں تھے انہوں نے کہا تھا کہ عثمان بزدار کا خیال رکھنا، عثمان بزدار کے راستے میں جو بھی رکاوٹیں ہوتی ہیں ان کو مشورے دیتے رہتے ہیں، جن لوگوں نے ہمارے مشورے نہیں مانے انہوں نے بہت نقصان اٹھایا، عثمان بزدار کے پرنسپل سیکرٹری نئے آئے ہیں، یہ ٹیم محنتی ہے،اب فیاض الحسن چوہان ہی وزیراطلاعات رہیں گے اس بار وہ پکے آئے ہیں۔