بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں نہ پھیلائے، رمیز راجہ کی بھرپور حمایت کرتا ہوں، وسیم اکرم

Published on September 1, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 238)      No Comments

کبھی بھی کرکٹ بورڈ کی سربراہی میں دلچسپی نہیں رہی، سابق کپتان
کراچی(یواین پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے چیئرمین پی سی بی بننے سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رمیز راجہ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔سابق کپتان وسیم اکرم نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ کے لیے رمیز راجہ کی نامزدگی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے پر آڑے ہاتھوں بھی لیا۔اپنے وقت کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا پر جھوٹی خبر شائع کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی ایسی جعلی خبریں پھیلانا بند کریں۔سابق کپتان نے بھارتی اخبار کو اپنی خبروں کے ذرائع درست کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹائمز آف انڈیا بھارت کے سرفہرست اور معتبر اخبارات میں سے ایک ہے اور ایسی بے بنیاد خبریں ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔وسیم اکرم نے واشگاف انداز میں کہا کہ چیئرمین پی سی بی ایک خاص قسم کا عہدہ ہے اور مجھے اس میں کبھی دلچسپی نہیں تھی۔ خدا کا شکر ہے۔ میں اپنی زندگی میں جہاں ہوں وہاں مطمئن ہوں۔وسیم اکرم کی جانب سے بھارتی اخبار کی جھوٹی خبر کا پردہ چاک کرنے پر ٹائمز آف انڈیا نے اپنی خبر ہٹادی۔ اس خبر میں ٹائمز آف انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وسیم اکرم چیئرمین پی سی بی بننا چاہتے تھے اور رمیز راجہ کی نامزدگی سے خوش نہیں ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں سابق کرکٹر وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نامزد ہونے پر اپنے ساتھی کھلاڑی سابق بلے باز رمیز راجہ کو نہ صرف مبارک باد پیش کی بلکہ اپنی سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے لکھا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ رمیز راجہ پاکستانی کرکٹ میں مثبت تبدیلی لائیں گے اور وہ ایسا کرنے کا تجربہ اور وژن رکھتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes