ڈھاکہ: (یواین پی) بنگلا دیش نے ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں کیوی ٹیم 16.5 اوورز میں 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اس سے قبل کیوی ٹیم 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، ٹام لیتھم اور ہینری نکولس کے 18، 18 رنز کے علاوہ کوئی کیوی بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا تھا۔ مستفیض الرحمان نے تین اور نسیم احمد، شکیب الحسن اور محمد سیف الدین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن 25 رنز بنا کر نمایاں رہے، مشفیق الرحیم نے 16 اور محمود اللہ نے 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل، کولی میکونچی اور رچن روندرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلا دیش نے مہمان ٹیم کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔