یونیورسٹی آف اوکاڑہ ، یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات میں ریلی، شجر کاری اور سیمینار کا انعقاد
اوکاڑہ (یواین پی ) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات میں ریلی، شجر کاری اور سیمینار کا انعقاد۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر اوکاڑہ یونیورسٹی میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سیمینار، ریلی اور شجرکاری کی سرگرمیاں شامل تھیں۔ ان تقریبات کا اہتمام شعبہ عمرانیات کی جانب سے ہوا۔ مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباءنے تقریبات میں حصہ لیا اور شہدا کی یاد اور پاکستان کی مسلحہ افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے تقاریر بھی کیں۔ اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر پاکستان کے محفوظ مستقبل کےلیے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پہ روشنی ڈالے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے علوم اور صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہو گا اور ان کے اندر مثبت سوچ اور ذمہ دارانہ شہریت پیدا کرنا ہوگی تاکہ وہ نہ صرف ملک کی معاشرتی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈال سکیں بلکہ ہمارے قومی نظریات اور ثقافت کو بین الاقوامی سطع پر متعارف کراوئیں۔ سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے شعبہ عمرانیات کی سربراہ، ڈاکٹر سمیراتل حسن کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کو نہ صرف بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کئی طرح کی اندرونی برائیوں جیسا کہ صنفی تضاد، خواتین پہ تشدد، کرپشن، بچوں کے استحصال اور اس طرح کی دیگر کئی مسائل سے بچانے کےلیے بھی کوشش کرنی چاہیے۔ سمینار میں موجود دوسرے اساتذہ، ڈاکٹر زاہد بلال، ڈاکٹر شہزاد فرید، زویا یعقوب اور فاخرہ شاہد نے بھی یوم دفاع کی اہمیت اور اور پاکستان کو ایک محفوظ اور پر امن ملک بنانے کے حوالے سے نوجوان نسل کے کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار کے اختتام پہ پاکستان کی مسلحہ افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے ریلی نکالی گئی اور حکومت پاکستان کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے سلسلے میں شجر کاری کی گئی۔